اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ نے ملک بھر میں مون سون شجرکاری مہم 2023ء کا آغاز کردیا، نگران وزیراعظم نے مہم کا آغاز اسلام آباد میں پودا لگا کر کیا۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے سیاست سے بالاتر ہو کر قومی جذبے سے کام کرنا ہوگا، موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے محفوظ رہنے کے لئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا اسلامی تعلیمات سے ہمیں حقوق العباد، حقوق اللہ اور نباتات کے حقوق کا درس ملتا ہے، ان نعمتوں کی قدر کرنے کی ضرورت ہے، آلودگی اور ماحول کو متاثر کرنے والے دیگر عوامل سے منفی اثرات پیدا ہوتے ہیں، جس کا نتیجہ کبھی ہم سیلاب، کبھی زلزلہ یا کبھی دیگر قدرتی آفات کی صورت میں دیکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں کے حملوں سے خوف کا شکار نہیں، مقابلہ کرینگے : نگران وزیراعظم
نگران وزیر اعظم نے کہا سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور دیگر فریقین کو موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ کے حل کو اپنی ترجیح بنانا ہوگا، موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے بچنے کیلئے دیگر اقدامات میں عالمی برادری کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
وزیراعظم کو شجرکاری مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا رواں سال مون سون شجر کاری مہم کے تحت ملک بھر میں مجموعی طور پر 1 کروڑ 10 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
نگران وزیراعظم کو مزید بتایا گیا رواں سال بہار شجر کاری مہم کے تحت ملک بھر میں 13 کروڑ 98 لاکھ پودے لگائے گئے، وزارت موسمیاتی تبدیلی، صوبائی محکمہ جنگلات تعاون سے شجر کاری مہمات کی اہمیت کے بارے میں آگاہی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔