جڑانوالہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے جڑانوالہ دورہ کے دوران 16 اگست کو پیش آنے والے واقعہ سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی اور گرجا گھروں کا دورہ کیا ۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد میں سینیٹر شیری رحمان، سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری، فیصل کریم کنڈی، ندیم افضل چن اور ملائکہ رضا شامل تھیں۔
اس موقع پر رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا کہ آج ہم پیپلز پارٹی کی جانب سے اپنے جڑانوالہ کے بہن بھائیوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنے آئے ہیں، جڑانوالہ میں 16 اگست کے دن جو ہوا اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، 16 اگست کے واقعہ نے نہ صرف پاکستانیوں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اقلیتوں کو برابر کا شہری سمجھتی ہے اور اکثریت اور اقلیت کے حقوق میں کوئی تفریق نہیں کرتی، ہمارا دین اسلام بھی اقلیوں کو مکمل حقوق اور آزادی فراہم کرتا ہے، ہمارے دین اور آئین میں اقلیتوں کی حفاظت اور حقوق کی ذمہ داری اکثریت پر ہے۔
سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ جناح کے پاکستان میں تمام شہریوں کو مساوی تحفظ، حقوق اور آزادیاں میسر ہے، کیا اس دن کیلئے جناح نے پاکستان کی بنیاد رکھی تھی؟، جڑانوالہ میں مسیحی برادری پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے، یہ سانحہ پاکستان کی ساکھ اور ریاست کی رٹ پر حملہ ہے۔