کراچی: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج کے دن قائد کے فلسفے کے مطابق عوام کی حکمرانی کو یقینی بنانے کا عہد کیا جائے، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان اس عہد کی تجدید کرتے ہیں۔
یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم عہد کرتے ہوئے کہ پاکستان کو قائد اعظم کے نظریے کے مطابق ایک جمہوری اور فلاحی ریاست بنائیں گے، وہ فلاحی ریاست جس کیلئے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جدوجہد کی تھی۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا ہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 کے آئین کی صورت میں قائد اعظم کا خواب پورا کیا، پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد ایک منصفانہ اور مساوات پر مبنی معاشرے کیلئے تھی، ایسا معاشرہ جہاں انسانیت کی قدر ہو، امن ہو اور خوف اور دہشت سے پاک ہو، ہماری غربت اور جہالت کیخلاف جنگ ابھی جاری ہے۔