لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے زیر تکمیل اکبر چوک فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رات گئے زیر تکمیل اکبر چوک فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر حکام بھی موجود تھے، ڈی جی ایل ڈی اے نے پراجیکٹ پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
دوران بریفنگ ڈی جی ایل ڈی اے کا کہنا تھا کہ اکبر چوک فلائی اوورز کی تمام پائلیں اور پائل کیپس مکمل کر لی گئی ہیں، 13 ٹرانسمز اور 29 پیئرز مکمل ہیں، گرڈرز پر بھی دن رات کام ہو رہا ہے، فلائی اوورز کے 32 گرڈرز مکمل، 34 پر کام تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فلائی اوورز کے اطراف سڑکوں پر بھی کام جاری ہے، منصوبے سے منسلک 6 یوٹرنز مکمل کر لئے گئے، 4 یوٹرن پر کام ہو رہا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اکبر چوک پراجیکٹ کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے اور یوٹرن کی ڈیزائننگ بہتر بنانے کی ہدایت کی، کالج روڈ تا اکبر چوک ماڈل سڑک بنانے اور ٹاؤن شپ جنت چوک پارک کی تعمیر و بحالی کا بھی حکم دیا۔