لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جنرل ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ہسپتال میں ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جنرل ہسپتال دورہ کے موقع پر مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات کی۔
نگران وزیراعلیٰ نے جنرل ہسپتاک کا اچانک دورہ کیا تھا، انہوں نے دیکھا کہ ہسپتال میں اکثر وارڈز کے اے سی آج پھر بند تھے اور تیماردار اپنے مریضوں کو ہاتھ والے پنکھے سے ہوا دینے پر مجبور نظر آئے۔
اس کے علاوہ واش رومز کی ابتر صورتحال، ناقص صفائی پر مریضوں اور تیمارداروں نے شکایات کے انبار لگا دیے، محسن نقوی نے ہسپتال کی حالت زار پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری ہیلتھ، پرنسپل اور ایم ایس کو فوری طور پر ہسپتال پہنچنے کا حکم دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ افسوس کا مقام ہے کہ واضح ہدایات کے باوجود اے سی ٹھیک نہیں کیے گئے، مریضوں کی شکایات کا فی الفور ازالہ کیا جائے۔