پشاور: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے آئندہ عام انتخابات کے لئے تیاریاں شروع کر دیں، ناراض اراکین سے ملاقاتیں جاری۔
عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا نے مصالحتی کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی کی سربراہی مرکزی ترجمان زاہد خان کریں گے، صوبائی نائب صدر شاہی خان شیرانی کمیٹی کے سیکرٹری ہوں گے۔
ترجمان اے این پی کے مطابق دیگر اراکین میں خان نواب خان، مختیار خان اور سلیم خان ایڈووکیٹ شامل ہوں گے، کمیٹی مقامی تنظیموں اور صاحب الرائے مشران کی مشاورت سے صوبہ بھر کے دورے کرے گی۔
اے این پی ترجمان کے مطابق دوروں کے دوران پارٹی کے ناراض اراکین کے تحفظات دور کرنے کیلئے جرگے کئے جائیں گے، صوبائی ورکنگ کمیٹی اور صوبائی کونسل نے بھی مذکورہ کمیٹی کی منظوری دے دی۔