لاہور: (دنیا نیوز) 90 روز کی آئینی مدت میں انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو خط لکھ دیا۔
وائس چیئرمین تحریک انصاف نے کور کمیٹی کی ایما پر نگران وزیر اعظم کو خط تحریر کیا، شاہ محمود قریشی کی جانب سے نگران وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی گئی۔
نگران وزیراعظم کے نام لکھے خط میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نگران وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر آپ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دستور ساز اسمبلی کی قبل از وقت تحلیل کی صورت میں 90 روز میں انتخابات کے انعقاد کا حکم دیتا ہے، ہمارا پُرزور مطالبہ ہے کہ آپ انتخابات کے بروقت انعقاد کو یقینی بنائیں۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے لکھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے مردم شماری کے نتائج کی تاخیر سے منظوری کے بعد نئی حلقہ بندیوں کے معاملے کو انتخابات میں التوا کا بہانہ ہر گز نہیں بنایا جا سکتا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، انتخابات کی ساکھ کیلئے لازم ہے کہ فریقین کو انتخابی مقابلے کیلئے مساوی میدان فراہم کیا جائے۔