لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جنرل ہسپتال کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے ناقص انتظامات پر ایم ایس جنرل ہسپتال کو عہدے سے ہٹا دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اچانک جنرل ہسپتال پہنچے جہاں پر انہوں نے ہسپتال میں ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے جنرل ہسپتال میں نیورو اینجیو گرافی مشین کا معائنہ کیا اور نئی بند نیورو اینجیو میشن کو فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت کی۔
نگران وزیراعلیٰ نے مختلف وارڈز میں اے سی بند ہونے پر ایم ایس کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس صاحب دیکھ لیں اپنی کارکردگی، بیشتر وارڈز میں مریض شدید گرمی میں بغیر اے سی کے پڑے ہیں، اسی کے ساتھ انہوں نے ایم ایس کو عہدے سے برطرف کر دیا
علاوہ ازیں محسن نقوی نے تشدد کا شکار کم عمر گھریلو ملازمہ رضوانہ کی بھی عیادت کی، ڈاکٹرز نے رضوانہ کی طبی حالت بارے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی۔
محسن نقوی نے ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ رضوانہ کی صحت کی بحالی میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے۔