کوئٹہ : (دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع ژوب میں طوفانی بارشوں سے چار افراد جاں بحق ہوگئے۔
کوہ سلیمان رینج میں شدید بارش کی وجہ سے ژوب ڈی آئی خان شاہراہ پر شیرانی کے مقام پر کار سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس کی وجہ سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں جبکہ ایک مرد اور ایک خاتون محفوظ رہے ، متاثرہ خاندان کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔
سیلابی ریلے سے کوئٹہ اور خیبر پختونخواہ کے درمیان شیرانی کے علاقے میں ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے، انتظامیہ کاکہنا ہے کہ شاہراہ کے کلیئر ہونے تک لوگ اس پر سفر سے گریز کریں ۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے، علاوہ ازیں سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی بارش ہو سکتی ہے ۔