لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں بارشوں کا سلسلہ 7 اگست تک جاری رہے گا جبکہ دریاؤں میں سیلابی صورت حال بھی برقرار ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں 7 اگست تک مون سون بارشیں ہوں گی، اس دوران تمام بڑے دریاؤں کے بالائی علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے جبکہ صوبے کے دریاؤں میں سیلاب کی صورتحال تاحال برقرار ہے۔
دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، سدھنائی کے مقام پر پانی کی آمد 52040 کیوسک اور اخراج 36840 ہے، ستلج میں سلیمانکی اور اسلام کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے ستلج میں سلیمانکی اور اسلام کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے، سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد 76035 اور اخراج 62877 ہے۔
ترجمان کے مطابق ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی آمد 66643 اور اخراج 65743 ہے، دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں جبکہ اس سلسلے میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیلاب اور برسات کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کچی دیواروں اور چھتوں سے دور رہیں، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے فاصلہ اختیار کریں۔
عوام سے کہا گیا ہے کہ دریاؤں کے اطراف غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اس حوالے سے مقامی انتظامیہ کو دریاؤں کے اطراف دفعہ 144 کا نفاذ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔