جڑواں شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار، کراچی میں بادل برسنے کا امکان

Published On 06 August,2023 11:08 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، کراچی میں بھی آج بادل برسنے کا امکان ہے۔

جڑواں شہروں میں علی الصبح بادل برسنے کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے، بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ادھر شہر قائد کراچی میں بھی آج بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کی توقع ہے۔

محکمۂ موسمیات کا بتانا ہے کہ جنوب مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 25 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جن میں نمی کا تناسب 80 فیصد ہے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔