کراچی : ( دنیا نیوز ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ فرینڈلی اپوزیشن کو خرید کر کراچی کا سودا نہیں کیا جاسکتا، کراچی دشمنی اگرنہیں چھوڑی توعوام بھی تم کو نہیں چھوڑیں گے، بلاول ہاؤس کی طرف مارچ کرنے کے لئے کراچی کے عوام تیار ہیں۔
کراچی میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کے پورے مزے لے رہی ہے، چوبیس گھنٹے میں پانی بحال نہ ہوا تو ہم مارچ کریں گے، ناجائز طریقے سے کام نہیں چلانے دیں گے، جماعت اسلامی آپ کے ہاتھوں نہیں بکے گی، ہم چاراگست کو شاہراہ فیصل پر واٹر بورڈ کے آفس کے باہر احتجاج کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے کئی سالوں سے سندھ پر پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، کے فور کو آج سے پانچ سال پہلے بن جانا چاہیے تھا، ان لوگوں کی نااہلی کی وجہ سے 15 سالوں میں اس پر کوئی کام نہیں ہوا، حب ندی پر بھی کوئی کام نہیں کیا گیا جس کانتیجہ یہ نکل رہا ہے کہ حب ندی اس وقت جگہ جگہ سے لیکج کا شکار ہے۔