حکمران اتحاد میں تاحال نگران وزیر اعظم کے نام کا فیصلہ نہیں ہوا: حافظ حمد اللہ

Published On 25 July,2023 10:57 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور حکمران اتحاد میں ابھی تک نگران وزیراعظم کے نام کا فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مشاورت کے بغیر کوئی پارٹی بھی فیصلہ نہیں کر سکتی، تمام اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لینا ضروری تھا اور ہے۔

حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اکیلے فیصلہ نہیں کر سکتے کیونکہ ایک پارٹی کی حکومت نہیں، اہم فیصلے مشاورت کے بعد ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم کے ترجمان نے مزید کہا کہ حکمران اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، حکمران اتحاد اور پی ڈی ایم کو بھی ایک دوسروں کو اعتماد میں لینا ہو گا، اگر ن لیگ کو اکثریت ملتی ہے تو وزیراعظم ن لیگ کا ہی ہو گا۔