ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر کو اڑھائی ماہ تک جیل میں قید رکھنے کے بعد رہا کر دیا گیا۔
رہائی کے بعد ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ اڑھائی ماہ جیل کاٹ کر واپس آیا ہوں، اللہ کا شکر ہے کہ میں سرخرو ہوا، جیل انسان کو مضبوط بناتی ہے، اپنی پارٹی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہوں، انشاء اللہ حق اور سچ کی فتح ہو گی۔
پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے مزید کہا ہے کہ نو مئی کو جلاؤ گھیراؤ کو کوئی بھی اچھا نہیں کہہ رہا، جلاؤ گھیراؤ نہیں ہونا چاہیے، نو مئی اور جیل یاترا کے حوالے سے کتاب لکھ رہا ہوں، جیل ایک آزمائش کا نام ہے، عام انتخابات کا کچھ دنوں تک اعلان ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ 9 مئی: میاں اسلم، فرخ حبیب، حماد اظہر سمیت 13 ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
انہوں نے کہا ہے کہ سپہ سالار ملک کو تمام بحرانوں سے نکالنے کیلئے صاف الیکشن کا انعقاد کروائیں، ایوب خان دور سے ملک میں پارٹیاں بنتی رہی ہیں، پاکستانی عوام الیکشن میں حق اور سچ کا ساتھ دیں گے، پارٹیوں پر سختیاں آتی رہتی ہیں، یہ پارٹی کو مضبوط کرنے کا وقت ہے، یہ وقت گزر جائے گا، تحریک انصاف کا مستقبل بہت روشن دیکھ رہا ہوں، اگر دوبارہ گرفتار کر لیں گے تو پھر حاضر ہوں۔