پشاور: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت جے یو آئی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان جے یو آئی مولانا عبدالغفور حیدری نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جے یو آئی عام انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی، انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کل تک جاری رہے گا، اجلاس میں عام انتخابات کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر بحث آئیں۔
اجلاس میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافی بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جے یو آئی نے دونوں برادر اسلامی ممالک کو افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا، حالات کی بہتری کیلئے سیاسی اور عسکری سطح پر دونوں ملکوں میں رابطہ ہونا چاہیے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کی بحالی کیلئے روابط جاری رکھنا ناگزیر ہے، امن و استحکام افغانستان اور پاکستان کی ضرورت ہے، اس حوالے سے دونوں ملکوں کو کردار ادا کرنے کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق اجلاس میں دستوری کمیٹی کی سفارشات بھی پیش کی گئی ہے، دستوری کمیٹی کی سفارشات پر مشاورت کا عمل کل تک جاری رہے گا۔