پشاور: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے انکشاف کیا ہے کہ فیض حمید نے مجھ سے ملاقات کے دوران سسٹم میں تبدیلی لانے کی بات کی لیکن میں نے انکار کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ فیض حمید نے مجھے ملاقات کیلئے بلایا لیکن میں نہیں گیا، جب میں نہیں گیا تو وہ خود ملاقات کیلئے آ گئے، فیض حمید نے ملاقات میں تین باتیں کیں کہ میں آپ کو سینٹ کا رکن اور پھر چیئرمین دیکھنا چاہتا ہوں، آپ نے سسٹم میں تبدیلی لانی ہے لیکن میں نے انکار کر دیا۔
سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) فضل الرحمان نے مزید کہا ہے کہ ملاقات کے بعد اپوزیشن کو تقسیم در تقسیم کر دیا گیا، چئیرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف مذاکرات کی مخالفت کی، جب آئی ایم ایف اس کے پاس چلا گیا تو اس نے کہا کہ سب ٹھیک ہے، جب آقا پہنچے تو انہوں نے اسے کہا خبردار تو وہ خاموش ہو گیا۔