مون سون کے نئے سپیل کا آغاز، وفاقی حکومت نے الرٹ جاری کر دیا

Published On 13 July,2023 06:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ آج سے مون سون کے نئے سپیل کا آغاز ہو رہا ہے، مون سون کا نیا سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ اسلام آباد، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہیں، 13 سے17 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ اور لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے، سیاحوں کو بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے محتاط رہنے کی درخواست کی جاتی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ آندھی، گرج چمک اور شدید بار شوں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر، بجلی کے کھمبے، سولر پینل اور کچے مکانات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔