الیکشن دھاندلی کے سرپرست اور فائدہ اٹھانے والوں کا ہمیں علم ہے: مولانا فضل الرحمان

Published On 18 June,2023 08:03 pm

ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پسماندہ دامان اور خطے کی ترقی کو غیر ملکی ایجنٹوں نے روکے رکھا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 2018 کی الیکشن دھاندلی کے سرپرست بھی ہمیں معلوم ہیں اور فائدہ اٹھانے والے بھی جو آج ٹی وی پر آکر کہتے ہیں کہ ہمارا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم نے پاکستان میں 14 ملین مارچ اور تاریخی جلسے کئے، ایک گملا بھی نہیں ٹوٹا، ہم نے ریاست سے شکایت ضرور کی ہے لیکن ریاست کی حدود کو مقدم رکھا۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا ہے کہ ہم نے پی ٹی آئی کا تختہ الٹا اور آپ کی حقیقت آپ کو بتا دی ہے، آپ نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی، کور کمانڈر کے گھر پر حملہ کیا، مسجد اور قرآن کو جلایا، میں نے پہلے ان کے نام بتا دیئے تھے جو اب اینکر بتا رہے ہیں، اسرائیل کے حامی ادھر چیئرمین پی ٹی آئی کے حمایتی ہیں، سی پیک کے دشمن تمہاری حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ جمعیت نے جو آواز پہلے دن سے اٹھائی اس کی آج سب حمایت کر رہے ہیں، ڈیرہ کی ترقی کا ہم نے دوبارہ آغاز کر دیا ہے، تین اضلاع کو سی پیک سے ملایا جا رہا ہے جن میں لکی مروت، کرک اور بنوں شامل ہیں، ہماری پوری خطے پر نظر ہے، سی پیک کے ساتھ انڈسٹریاں ہوں گی اور یہ اکانومی حب ہو گا، بنوں میں بھی ایک انڈسٹری بنا رہے ہیں۔

جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ نے کہا کہ سی پیک صرف زمینی راستہ نہیں بلکہ ڈیرہ ریجنل کارگو ائیر پورٹ بنائیں گے، میری داڑھی جب کالی تھی تب کہا تھا کہ ڈیرہ کو تجارتی جنکشن بناؤں گا، آج میری داڑھی سفید ہے اور میں نے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے، سیلاب نے ہمیں تباہ کیا اوپر سے ہمارے زمینداروں کا پانی بند ہو گیا، واپڈا کو کہتا ہوں کہ لوگوں کو ناجائز بل نہ دیں۔