کوئٹہ : ( دنیا نیوز ) بلوچستان کے 35 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا عمل مکمل ہوگیا، چیئرمین اور وائس چیئرمین منتخب کرلیے گئے ۔
بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے کے لئے الیکشن کا انعقاد کیا گیا، پولنگ کے دوران صوبائی حکومت کی جانب سے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے تھے ، پولنگ صبح 8بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہی ، انتخابی عمل کے دوران صورتحال کو کنٹرول رکھنے کے لیے تمام اضلاع میں دفعہ 144 نافذ رہی۔
پولنگ سے قبل یوسیز چیئرمین اور مخصوص نشستوں پر منتخب 166 ارکان نے حلف اٹھایا۔
صوبے کے 35 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے غیر حتمی نتائج کے مطابق ڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات میں حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی ( بی اے پی ) نے کامیابی سمیٹی۔
بی اے پی نے چیئرمین کی 10 اور وائس چیئرمین کی 9 نشستیں حاصل کیں، پیپلز پارٹی نے چیئرمین کی 6 اور وائس چیئرمین کی 4 نشستیں، جے یو آئی (ف) نے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 4 ، 4 نشستیں حاصل کیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) ایک بھی ضلع میں کامیابی حاصل نہ کر سکی۔