بلوچستان میں مون سون کے حوالے سے انتظامات مکمل ہیں : پی ڈی ایم اے

Published On 06 July,2023 08:36 am

کوئٹہ : (ویب ڈیسک ) بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانزیب خان کاکہنا ہے کہ بلوچستان میں مون سون کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ۔

رپورٹس کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جمعرات سے بلوچستان کے کچھ علاقوں میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، محکمہ موسمیات سے رابطے میں ہیں، صوبے کے ہر ضلع میں پانچ پانچ سو خاندانوں کیلئے امدادی سامان بھجوادیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں اور مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا ہے۔

 ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ سال کی بارشوں سے کئی پل ٹوٹے ہوئے ہیں اور معمولی بارشوں سے ٹریفک کے معطل ہونے کا امکان ہے، شہری مون سون کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مون سون کے آغاز کے دوران پکنک پوائنٹ پر جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، ڈیم اور گہرے پانی میں جانے سے اجتناب کیا جائے۔