مون سون کا طاقتور سپیل، لاہور میں نان سٹاپ طوفانی بارش، 7 افراد جاں بحق

Published On 05 July,2023 03:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں مون سون کے طاقتور سپیل اور کئی گھنٹوں کی نان سٹاپ بارش نے 30 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، بارش کے باعث مختلف حادثات میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

 نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بارش کے دوران شہر کے متعدد علاقوں کے دورے کیے اور نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کی مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، سب سے زیادہ 291 ملی میٹر ریکارڈ

محسن نقوی نے کہا ہے کہ لاہور میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، 3 افراد کرنٹ لگنے، 2 چھت گرنے اور ایک بچی ڈوبنے کے باعث موت کے منہ میں چلی گئی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ پچھلے کچھ گھنٹوں سے تمام ٹیمیں لاہور کے دورے پر تھیں، انتظامیہ رات گئے سے سڑکوں پر موجود ہے، 291 ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو ریکارڈ بارش ہے، واسا کی ٹیم کو شاباش دینا بنتی ہے، ساری رات محنت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: طوفانی بارش، وزیراعظم کی پنجاب حکومت کو فوری اقدامات کی ہدایت

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا رات 9 بجے تک اگلا سپیل آئے گا، کوشش ہو گی اگلا سپیل شروع سے پہلے پانی نکال لیا جائے، شہر کا سیوریج کا مسئلہ بڑا اور پرانا ہے، ہمارا ٹارگٹ ہے جلد سے جلد لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جائے، کمشنرز اور ڈی سیز فیلڈ میں موجود ہیں، ٹیم ورک اچھا ہو، سارے لوگ محنت کر رہے ہوں تو سب اچھا ہو جاتا ہے۔