ملک میں آج سے مون سون بارشوں کا امکان، اربن فلڈنگ کا خطرہ

Published On 03 July,2023 08:20 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں آج سے مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جن کے باعث 3 سے 8 جولائی کے دوران لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال اور جہلم میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ اور گجرات میں بھی بارش متوقع ہے ، فیصل آباد، شیخوپورہ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسیں گے، اسی دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی ہو سکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے بھی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق 6 جولائی سے ڈی جی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا امکان ہے، 4 سے 7 جولائی کے دوران لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ہنگامی حالات میں ریلیف کیمپوں والی جگہ کا تعین پہلے سے کیا جائے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

دوسری جانب بارکھان، لسبیلہ، ڈی آئی خان اور ملتان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، سندھ کے شہر سکھر، جیکب آباد، ٹھٹہ، عمر کوٹ اور حیدر آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔