پشاور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے ایم ٹی آئی ہسپتالوں کے بورڈ آف گورنر ممبران کے تقرر و تبدیلی کی منظوری دے دی۔
ڈاکٹر زبیر خان کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال بی او جی کا چیئرپرسن تعینات کر دیا گیا، بورڈ آف گورنر ممبران میں محمد فہیم صدیقی، ڈاکٹر موسی کلیم کو شامل کیا گیا ہے، ڈاکٹر مشتاق جدون کو ایوب میڈیکل کمپلیکس بی او جی کا چیئرپرسن تعینات کر دیا گیا۔
ایوب میڈیکل کمپلیکس کے بورڈ آف گورنر ممبران میں ایاز خان اور پروفیسر آفتاب ربانی کو شامل کیا گیا ہے، پروفیسر جہانگیر خان، ڈاکٹر حبیب الرحمان کو قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کے بورڈ آف گورنر کے ممبران تعینات کیا گیا ہے، خلیفہ گل نواز ٹیچنگ ہسپتال کے بی او جی میں عبدالرؤف کو تعینات کر دیا گیا۔
نگران حکومت کی جانب سے لیڈی ریڈنگ سمیت دو ہسپتالوں کے چیئرمین اور مختلف بورڈ آف گورنرز ممبران کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے، لیڈی ریڈنگ ہسپتال بی او جی کے چیئرمین نوشیروان برکی اور ایوب میڈیکل کمپلیکس بی او جی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد عاصم کو ہٹا دیا گیا۔
میجر (ر) ڈاکٹر صدیق الرحمان کو اے ایم سی اور ڈاکٹر شہناز نواز کو خلیفہ گلنواز ہسپتال کے بی او جی کے عہدے، زرک خان خٹک کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال بی او جی کے عہدے، عدنان نوید بابر اور محمد ولید کو قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کے بی او جی ممبران کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔