پشاور : (دنیانیوز ) صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع مانسہرہ کے علاقے ٹھاکرا چنار روڈ پر واقع آئل ایجنسی کے گودام میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے ۔
افسوس ناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور فائربریگیڈ ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، ذرائع کے مطابق آگ سے جھلس کر ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 1 زخمی ہو گیا۔
فائر بریگیڈ نے پہنچ کر دکان میں لگی آگ پر قابو پا لیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو ادارے کے اہلکاروں نے جاں بحق شخص کی لاش اور زخمی کو طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے مانسہرہ آئل ایجنسی میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ہزارہ ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی۔
وفاقی وزیر نے کمشنر کو ہدایت کی کہ ڈی سی مانسہرہ کے ذریعے واقعہ کی انکوائری کرائی جائے اور اس بات کا بھی بغور جائزہ لیا جائے کہ آتشزدگی کی وجہ کیا بنی، تمام احتیاطی تدابیر چیک کی جائیں۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے، آئل کمپنی کو ریگولیٹ کرنے والے اداروں سے بھی باز پرس کیا جائے۔