حجاج کرام کی واپسی شروع، پی آئی اے نے 900 سے زائد عازمین کو وطن واپس پہنچا دیا

Published On 02 July,2023 04:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی آئی اے نے عازمین حج کی واپسی کیلئے آپریشن شروع کر دیا، حجاج کرام کی پہلی پرواز پی کے 760 کے ذریعے 329 حجاج لاہور پہنچ گئے۔

لاہور ائیر پورٹ پر پی آئی اے کے سٹیشن منیجر علی عباس شاہ، حج منیجر میاں سہیل محمود نے حجاج کرام کا استقبال کیا، واپس آنے والے حجاج کرام کو پی آئی اے کی جانب سے پھولوں کے ہار پہنائے گئے، حجاج کرام نے جدہ حج ٹرمینل پر پی آئی اے کے عملے اور ادارے کی خدمات کو سراہا، قومی ائیر لائن کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کے پہلے روز اسلام آباد، کراچی اور لاہور کیلئے پہلی پروازوں کے ذریعے 900 سے زائد حجاج کی وطن آمد ہوئی، پی آئی اے 268 پروازوں کے ذریعے سے 61،467 حجاج کو وطن واپس پہنچائے گا، بعد از حج پروازوں کے ذریعے سے تقریباً 41 ہزار سرکاری، 19 ہزار پرائیویٹ حجاج اور 600 خدام مدینہ منورہ اور جدہ سے وطن واپس لائے جائیں گے۔

پی آئی اے کی بعد از حج پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور پشاور براہ راست پہنچیں گی، حج آپریشن کے پہلے روز تمام پروازیں جدہ سے اسلام آباد، لاہور، کراچی اور پشاور پہنچ رہی ہیں، پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے پوری کوشش کی جا رہی ہے کہ بعد از حج پروازوں کی بروقت روانگی کا تناسب 90 فیصد سے زائد رکھا جائے۔

قومی ایئر لائن نے جدہ حج ٹرمینل پر حجاج کرام کی وطن واپس روانگی کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں، پی آئی اے کی خصوصی حج ٹیمیں جدہ و مدینہ ائیر پورٹس پر حجاج کی رہنمائی کیلئے موجود ہیں، عازمین حج کی واپسی کیلئے پی آئی اے کا آپریشن 2 اگست تک جاری رہے گا۔