کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے چور دروازے بند کر دیئے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان اپنی جماعت کے جرائم پر معافی مانگیں، پیپلز پارٹی کی قیادت پر الزام تراشی کا فیشن ختم ہو چکا ہے، حافظ نعیم یہ بتائیں کہ افغان جہاد کے دوران جماعت اسلامی کے لیڈروں کو کتنے گرین کارڈ ملے، ضیاء دور میں عوام دوست عبدالخالق اللہ والا کے ووٹ مسترد کر کے عبدالستار افغانی کو جتوایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 1970 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی نے کراچی سے 19 نشستیں جیتی تھیں، ان انتخابات میں جماعت اسلامی کی کراچی سے صرف ایک نشست تھی، ہر آمر کے دور میں جماعت اسلامی سکھی اور خوشحال رہی ہے، حافظ نعیم میں جرأت ہے تو 9 مئی کے جرم کی کھل کر حمایت کریں، چیئرمین پی ٹی آئی اور سراج الحق آپس میں اتحاد کر لیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔