اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ ملکی استحکام کیلئے اتحادی حکومت ایک پیج پر ہے، بجٹ انتہائی مشکل حالات میں بنایا گیا ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ پہلی مرتبہ عدم اعتماد کے ذریعے ایک وزیر اعظم کو ہٹایا گیا، کہا گیا سیاست دان کرپٹ، ٹیکنو کریٹ کو لایا جائے، جنرل ضیا نے آئین کو ردی کا ٹکڑا کہا تھا، سیاست کیلئے ماحول کو سازگار نہیں ہونے دیا گیا، شہید بھٹو نے جمہوریت کا بیج بویا، جمہور کی آواز کو سننا چاہیے، جمہوریت کی بہتری کیلئے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ یہ آئین تمام اداروں کے دائرہ کار کا تعین کرتا ہے، ادارے آئین کے مطابق کام کریں گے تو جمہوریت مزید مضبوط ہو گی، ہم اس پارلیمنٹ کے تقدس کو بچانے کیلئے کھڑے رہے ہیں، پارلیمنٹ کا آئینی مدت پوری کرنا بہت بڑا پیغام ہے، بینظیر جیل میں تھیں اور ضیاء الحق اس شخص کو پروموٹ کر رہا تھا۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں جو ملک کے حالات رہے وہ سب کے سامنے ہیں، گزشتہ چار سال کے معاشی بحران سے ہم سب پریشان رہے ہیں، مجھے علم نہیں تھا کہ ہم اچانک سے حکومت میں آ جائیں گے، یہ ایک اتحادی حکومت ہے ہم سب پر زیادہ ذمہ داریاں عائد ہوتیں ہیں، ہم نے ملک کی خاطر اپنے اختلافات کو پیچھے رکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے دور میں ایک وعدہ پورا نہیں کیا، اللہ کا بڑا احسان ہے میں اس شخص سے کبھی متاثر نہیں تھی، سلیکٹڈ کو پلان کے تحت لایا گیا، پاکستان کو آج مشکل معاشی حالات کا سامنا ہے، آج چارٹر آف ڈیمو کریسی کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے، پاکستان کو اس وقت استحکام کی ضرورت ہے۔