بغاوت پر اکسانے کا کیس : فوادچودھری پر فردجرم عائد نہ ہوسکی

Published On 24 June,2023 10:09 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سرکاری افسران کوبغاوت پر اکسانےکےکیس میں فواد چودھری کے خلاف فرد جرم کی کارروائی مؤخرکردی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرا نے فواد چودھری کے کیس کی سماعت کی ، فوادچودھری کے وکیل فیصل چودھری عدالت کے روبرو پیش ہوئے، عدالت میں فواد چودھری نے وکیل کے ذریعے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی۔

فواد چودھری  کے وکیل فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ ان کے مؤکل بیمار ہیں اس لیے آج پیش نہیں ہوسکتے، حاضری سے استثنیٰ دیاجائے۔

جج طاہر عباس سپرا کے استفسار پر وکیل فیصل چودھری نے بتایا کہ بدلتے موسم کے باعث فواد چودھری کی طبیعت ناساز ہوگئی ہے۔

جج نے ریمارکس دیے کہ فواد چودھری کو گرمی کا خاص جھٹکا تو نہیں لگا؟ فواد چودھری پر فرد جرم عائد ہوجائے تو اس کے بعد لمبی چھٹی لے سکتے ہیں،فواد چودھری اور  آپ بھی اپنی صحت کاخیال رکھیں۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سپرا نے  فواد چودھری  کی درخواست استثنیٰ منظورکرلی اور انہیں آئندہ سماعت پر پیش ہونےکا حکم دے دیا۔

عدالت نے فواد چودھری  کے خلاف کیس میں فرد جرم عائدکرنےکی نئی تاریخ 7 جولائی مقرر کردی۔

خیال رہے کہ فواد چودھری کو آج سیشن عدالت نے ذاتی حیثیت میں طلب کررکھاتھا، فواد چودھری پر آج فردجرم عائد ہونا تھی۔

واضح رہے کہ اس کیس میں فواد چوہدری کو 25 جنوری کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا، یکم فروری کو سیشن کورٹ نے ان کو ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا۔