مریم نواز سے نیشنل پارٹی کے وفد کی ملاقات، سیاسی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

Published On 23 June,2023 04:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے نیشنل پارٹی کے وفد نے ملاقات کی ہے جس میں دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور صدر نیشنل پارٹی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سربراہی میں نیشنل پارٹی کے وفد نے ملاقات کی، مریم نواز نے نیشنل پارٹی کے وفد کا خیرمقدم کیا، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ن لیگی رہنما مریم نواز نے کہا کہ بلوچستان اور اس کے عوام کو نہایت اہمیت دیتے ہیں، نوازشریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیشہ بلوچستان کی ترقی کیلئے کام کیا ہے، بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی کی بنیاد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن نے انٹراپارٹی انتخابات کی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروا دی

انہوں نے کہا کہ سی پیک، گوادر پورٹ، مغربی روٹ سمیت دیگر منصوبے بلوچستان کی ترقی کا ذریعہ بنیں گے، بلوچستان کے نوجوانوں کی ترقی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت بلوچستان کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع دیں گے، تعلیم، زراعت، صنعت، آئی ٹی میں نئے کاروبار، روزگار اور کھیلوں میں ترقی کے مواقع دیں گے۔

صدر نیشنل پارٹی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مریم نواز کی سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ نوازشریف نے سیاسی اکاموڈیشن کی ہمیشہ فراخ دلانہ مثال قائم کی ہے۔