کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مرکزی رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے 11 نکات کی ملک میں کوئی جھلک نظر نہیں آتی۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں رہنما پیپلز پارٹی خورشید احمد شاہ نے کہا کہ مینار پاکستان پر پی ٹی آئی کے 11 نکات کو 12 سال گزر گئے، 11 نکات کے بعد سیکڑوں اصول بیان کیے گئے، کسی اصول پر عمل نہ ہوسکا۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس رہنما نے ہمیشہ تشدد، توڑ پھوڑ کی بات کی ہے، دکھ ہے نوجوانوں کی نمائندگی کی دعویدار جماعت نے ان کیلئے کچھ نہ کیا، زبانی جمع خرچ کے شوقین شخص نے نہ تو اپنے منشور پر عمل کیا اور نہ وعدے کی پاسداری کی۔
خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ انتہا پسند لیڈر ملک کو خانہ جنگی میں دھکیل رہا ہے، ہم سب ریاست کی مضبوطی کیلئے متحد ہیں، ہم اپنے نوجوانوں کو تشدد اور انتہا پسندی کی آگ میں نہیں جھونک سکتے۔