حیدرآباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے کاشف شورو بلامقابلہ میئر اور صغیر قریشی ڈپٹی میئر حیدر آباد منتخب ہو گئے۔
الیکشن کمیشن نے میئر اور ڈپٹی میئر کے بلامقابلہ منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، کاشف شورو صوبائی وزیر جام خان شورو کے بھائی ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق میئر و ڈپٹی میئر کے دیگر امیدوار دستبردار ہونے کے بعد نوٹیفکیشن جاری ہوا، ٹی ایل پی کے امیدواروں کے کاغذات مسترد ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات 15 جون کو ہونے ہیں جس کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے، جماعت اسلامی کی جانب سے حافظ نعیم الرحمان کو میئر کراچی کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔
کراچی کی میئر شپ کے لیے جماعت اسلامی کو پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت بھی حاصل ہے جبکہ پیپلز پارٹی کو مسلم لیگ ن اور جے یو آئی (ف) کے امیدواروں کی حمایت حاصل ہے۔