پشاور: (دنیا نیوز) 9 اور 10 مئی کو سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار 58 افراد کو عدالت نے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
پشاور کی مقامی عدالت میں گرفتار 58 ملزمان کی جلاؤ گھیراؤ کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج عطا اللہ جان نے کی، دوران سماعت پولیس کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ ملزمان انور زیب اور عرفان سمیت دیگر 58 ملزمان نے 9 اور 10 مئی کو سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا ہے۔
پولیس نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزمان نے محکمہ سی این ڈبلیو کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی، چارسدہ روڈ پر مختلف بینکوں کے اے ٹی ایم مشینوں کو نقصان پہنچایا، ان کے خلاف تھانہ فقیر آباد میں 506,380,427,186 دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد تمام 58 ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔