راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں ایک اور جوان وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کر گیا۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں ہوا، فائرنگ کے نتیجے میں لانس نائیک محمد صابر شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید لانس نائیک محمد صابر کا تعلق ضلع مانسہرہ سے تھا، علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیر ستان آپریشن میں شہید لانس نائیک محمد صابر کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، وزیرِ اعظم نے شہید کے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے عظیم سپوت کی ملک کیلئے قربانی پر اسے خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔