راولپنڈی: (دنیا نیوز) آئی ایس پی آر کی جانب سے یوم تکبیر کی سلور جوبلی کے موقع پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ پوری قوم آج یوم تکبیر کی سلور جوبلی منا رہی ہے، پاکستان نے آج بڑی دفاعی صلاحیت حاصل کی تھی، پاکستان کی اس کامیابی سے خطے میں طاقت کا توازن بہتر ہوا تھا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ مسلح افواج یوم تکبیر کو حقیقت کا رنگ دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں، ہم ناممکن کو حقیقت میں بدلنے والے سائنس دانوں اور انجینئرز کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ یہ وطن ہمیشہ قائم رہے گا،پاکستان زندہ باد۔
یاد رہے کہ 28 مئی 1998 کو بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے تھے اور مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔