لاہور : (دنیانیوز) لاہور میں سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں ، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس اور جہانگیر ترین کے درمیان ملاقات ہوئی ہے ۔
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس اور جہانگیر ترین کے درمیان ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے آئندہ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ، ملاقات میں ترین گروپ کے فیصل حیات جبوانہ ، اجمل چیمہ بھی شامل ہوئے ۔
بعدازاں سردار تنویر الیاس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین سے اچھا تعلق ہے، سب سے مقدم پاکستان ہے، نئی پارٹی کے حوالے سے ابھی کام جاری ہے ۔
ان کاکہنا تھا کہ جہانگیر ترین سے آج ملاقات ہوئی، ملاقات میں اتفاق ہوا کہ ہم مل کرچلیں گے، آنے والے دنوں میں اچھی خبریں سننے کو ملیں گے۔
یہ بھی پڑھیں :جہانگیر ترین سیاسی محاذ پرمتحرک ، نئی پارٹی کی تشکیل کے معاملات فائنل راؤنڈ میں داخل
سردار تنویر الیاس نے مزید کہا کہ گزشتہ چند روز میں کئی ملاقاتیں ہوئی ہیں ، چودھری شجاعت اور امیر جماعت اسلامی سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔
اس موقع پر نعمان لنگڑیال کاکہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، ہم سے کافی لوگوں نے رابطہ کیا ہے، پی ٹی آئی کے نظریات کو چھوڑ کرآنے والوں کو خوش آمدید کہیں گے۔
سینئر سیاستدان اور سابق رہنما تحریک انصاف جہانگیر ترین نےآج قریبی ساتھیوں کی لاہور میں اہم ترین مشاورت بھی بلا لی ہے ، نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کیلئے نئے ساتھیوں کی شمولیت کے معاملات پر مشاورت ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جہانگیر ترین نے فردوس عاشق اعوان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی تھیں۔