تحریک انصاف کے سینئر رہنما پرویز خٹک کا پارٹی صدارت چھوڑنے کا اعلان

Published On 01 June,2023 10:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے بھی پارٹی عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کئی دنوں سے ملک میں سیاسی حالات دیکھ رہا تھا، نو مئی کو جو بھی ہوا کوئی بھی خوش نہیں ہے، 9 مئی کے واقعے کی پہلے ہی مذمت کر چکا ہوں، ایسی حرکت اللہ نہ کرے کبھی دوبارہ ہو، ٹی وی پر جو پراپیگنڈا ہو رہا ہے وہ صحیح نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مرکزی نائب صدر تحریک انصاف امیر بخش بھٹو بھی پارٹی عہدوں سے مستعفی

سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے مزید کہا ہے کہ اس وقت ملک کا سیاسی ماحول بہت خراب ہے اس ماحول میں چلنا مشکل ہے جس کی وجہ سے میں نے پارٹی کا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، دوستوں کے ساتھ مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کروں گا۔