اینٹی کرپشن نے چودھری پرویز الہٰی کا طبی معائنہ کروا لیا، مکمل صحتمند قرار

Published On 01 June,2023 10:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا طبی معائنہ کروا لیا۔

اینٹی کرپشن کی ٹیم نے تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی کا سروسز ہسپتال کی سینئر ڈاکٹرز کی ٹیم سے تفصیلی طبی معائنہ کرایا، طبی معائنے کے بعد ڈاکٹرز نے چودھری پرویز الہٰی کو مکمل طور پر صحت مند قرار دے دیا۔

دوسری جانب اینٹی کرپشن نے چودھری پرویز الہٰی کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اس حوالے سے انہیں کل ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا، اینٹی کرپشن کی جانب سے سابق وزیر اعلیٰ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو گرفتار کر لیا گیا

گرفتاری کے بعد چودھری پرویز الہٰی کے وکلاء نے کہا ہے کہ یہ جھوٹے اور سیاسی انتقام پر مبنی کیسز ہیں، ہماری کوشش ہو گی کہ اس مقدمے کو خارج کرایا جائے، پرویز الہیٰ چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔

سابق وزیر اعلیٰ کے وکلاء نے مزید کہا ہے کہ چودھری پرویز الہٰی کی لیگل اسسٹنٹ کیلئے ہمیں اندر نہیں جانے دیا جا رہا، سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ کی فیملی کو بھی ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔