لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی میں بہت سارے لوگ شمولیت اختیار کر رہے ہیں، اب انہیں اس جماعت بارے پتا چل گیا تو واپس آ رہے ہیں، ہم جماعتوں پر پابندیوں کے خلاف ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اس وقت سیاسی محاذ پر بڑی کشیدگی ہے، خواتین کے حوالے سے جنسی زیادتی کے گھٹیا الزامات لگائے جا رہے ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے جعلی خبریں پھیلائی جاتی ہیں، سوشل میڈیا پر الزامات کی بارش ہو رہی ہے، ایک بیٹی کو بالوں سے پکڑا گیا ہم نے بھی مذمت کی، وہ خاتون پولیس والوں کو گالیاں اور پتھرمار رہی تھی۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہمارے قائد کو سکھر کی سی کلاس جیل میں رکھا گیا، یہ ایک دن جیل میں رہے تو چیخیں نکل گئی ہیں، اگر کسی نے کوئی جرم کیا تو فیئر ٹرائل کے بعد سزا اور جزا کا فیصلہ ہونا چاہیے، کریمنل، انسداد دہشت گردی اور آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل ہوں گے، کسی کا ملٹری کورٹ کے تحت ٹرائل ہوتا ہے تو تین دفعہ اپیلوں کا حق ہو گا۔
قمر زمان کائرہ نے مزید کہا ہے کہ ماضی میں ملٹری کورٹ کا استعمال بہت خوفناک ہے، تمام ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا ملنی چاہیے، القادر ٹرسٹ کیس کی تحقیقات تو نو مئی سے پہلے ہو رہی تھی، انہیں تو بن مانگے بھی عدالت سے ریلیف مل جاتا ہے۔