پی ٹی آئی نے پنجاب اور کے پی کے اسمبلیاں توڑ کر غلطی کی: یوسف رضا گیلانی

Published On 31 May,2023 09:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آئین اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، پی ٹی آئی نے اسمبلیاں توڑ کر غلطی کی، الیکشن سے پہلے کچھ کہنا قبل ازوقت ہو گا کس کی حکومت ہوگی، جس کا منشور اچھا اور پالیسیاں بہتر ہوں گی عوام اسے ہی ووٹ دیں گے۔

بلاول ہاؤس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پارٹی میں بہت سے لوگوں نے شمولیت اختیار کی ہے، ہر جماعت سے تعلق رکھنے والے لوگ پیپلز پارٹی میں آ رہے ہیں، جو بھی مشاورت ہو گی اس پر بات کریں گے، ہم انفرادی فیصلے نہیں کرتے اتحادیوں سے مل کر بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے زور دیا کہ مذاکرات ہونے چاہئیں، تحریک انصاف بضد تھی کہ اسمبلی تحلیل کریں پھر بات کریں گے، ہم نے انہیں کہا کہ پنجاب اور کے پی کے اسمبلی توڑ کر غلطی کی ہے، پارٹی کے اندر عسکری ونگ نہیں ہونے چاہئیں، پوری دنیا نو مئی کے واقعات کی مذمت کر رہی ہے، تحریک انصاف والے خود بھی مذمت کر رہے ہیں۔

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا ہے کہ ہم نے یہ فیصلہ نہیں کرنا کون مائنس ہو گا، عسکری اور دیگر اداروں پر حملہ ملک پر حملے کے مترادف ہے، قانون اپنا راستا خود لے گا، جو بھی ہمارے پاس آ رہے ہیں وہ اپنی مرضی سے آ رہے ہیں، ہم سیاسی شخصیات کو دیکھ کر فیصلہ کریں گے کہ کس نے پارٹی کے بارے میں کیا باتیں کی ہیں۔