لاہور : (دنیا نیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ٹیم کی حفاظت پر مامور فوج کے جوان کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سابق صدر کا کہنا تھاکہ پولیو کے خاتمے کے لئے ذمہ داریاں نبھانے والے ہمارے ہیرو ہیں اور پولیو کے خاتمے کی جنگ ہماری قومی جنگ ہے۔
آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے مہم میں رکاوٹ ڈالنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کے بعد دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کا ایک جوان شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں کی، دہشت گردی کی یہ کارروائی علاقے میں پولیو مہم کو متاثر کرنے کیلئے کی گئی، پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور سکیورٹی ٹیم نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان جام شہادت نوش کر گیا۔