اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا ہے کہ چین زرعی ترقی کیلئے پاکستان کیساتھ تعاون اور ماسٹر پلان شیئر کرے۔
چین میں ایس سی او فورم سے خطاب کرتے ہوئے مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ پاک چین رشتہ باہمی اعتماد، تعاون اور برادرانہ ہے، چین نے صرف 40 برسوں میں 800 ملین افراد کو غربت سے نکالا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لئے ایک جامع اور جدید پروگرام کی ضرورت ہے، زراعت کے شعبے میں ہمیں صرف درپیش مسائل نہیں بلکہ جدید زرعی پروگرام کی ضرورت ہے۔
مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کے شعبے میں ریسرچ اور جدت کی ضرورت ہے، اعلیٰ بیجوں کی دستیابی سے پاکستان زرعی پیداوار زیادہ کر سکتا ہے، پاک چین مشترکہ تعاون سے ہم اہداف حاصل اور عوام کے لئے بہتر مستقبل دے سکتے ہیں۔