اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی 9 مئی کو ہونے والے پرتشدد واقعات، جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کر دی ہے۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پرتشدد کارروائیاں قانون کی حکمرانی کو نقصان پہنچاتی ہیں اور ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے بھی خطرہ ہیں، تاریخی اور ثقافتی عمارتوں پر حملہ پاکستان کی شناخت پر حملہ ہے، فوجی تنصیبات کی حفاظت ملکی سلامتی کیلئے اہمیت رکھتی ہے۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سویلینز کے ملٹری کورٹ میں ٹرائل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پرتشدد واقعات کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں کرنا غیر آئینی ہوگا، سکیورٹی خدشات اور امن و امان برقرار رکھنا ضروری ہے، انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنا، شفافیت اور فئیر ٹرائل بھی ضروری ہے۔