بلوچستان اسمبلی میں 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

Published On 15 May,2023 08:04 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی نے 9 مئی کے پر تشدد مظاہروں کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی۔

بلوچستان اسمبلی میں 9 مئی کو ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے خلاف مذمتی قرارداد رکن اسمبلی ظہور بلیدی نے پیش کی جسے پینل آف چیئرمین نے بحث کیلئے منظور کر لیا، قرارداد میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے حساس سرکاری و نجی املاک پر حملوں اور پرتشدد احتجاج کی مذمت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی : جی ایچ کیوسمیت دیگر سرکاری املاک پرحملوں کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

رکن اسمبلی ظہور بلیدی نے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بیرونی ایجنڈے پر کار فرما ہیں، 75 سالوں میں ملک دشمنوں نے طرح طرح کی سازشیں کیں، کبھی کسی نے نظریاتی اور سرحدی محافظوں کو نشانہ نہیں بنایا، ملک کو تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش کی گئی، املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی تنصیبات پر حملے کرنے والوں کو سزا ملنی چاہئے، ملک کے وقار سے کھیلا جا رہا ہے، دہشتگردوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں ملنی چاہئے، رکن اسمبلی اختر لانگو نے کہا کہ عدلیہ نے دوہرے معیار کو ثابت کر دیا، سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ چیف جسٹس متنازع ہونے پر مستعفی ہو جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب سے گرفتار ہونے والے شرپسندوں کی تعداد 3368 تک پہنچ گئی

اجلاس کے دوران رکن اسمبلی بشریٰ رند نے کہا کہ پر تشدد واقعات منصوبہ بندی کے ذریعے کیے گئے، تاثر پھیلایا گیا کہ ملک میں کوئی محفوظ نہیں، اگر یہی سب کچھ کرنے دینا ہے تو اداروں کو ختم کر دیں، پی ٹی آئی نے ملک میں اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔

رکن اسمبلی زابد ریکی نے کہا کہ عمران خان فتنہ ہے، ملک پر مسلط رہا تو ملک تباہ ہو جائے گا، ہو سکتا ہے یہ بھارت کا ایجنٹ بھی ہو، 9 مئی کو ہونے والے تمام نقصان کا ذمہ دار عمران خان ہے، جلاؤ گھیراؤ پر عمران خان کے خلاف ایف آئی آر درج ہونی چاہیے۔