اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم عمران خان کے بعد تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں اسد عمر اور فواد چودھری کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کو پولیس نے سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا، پولیس تحریک انصاف کے رہنما کی گرفتاری کیلئے 12 گھنٹے تک عدالت عظمیٰ کے باہر موجود رہی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہو گا کسی وکیل کو اس طرح گرفتار کیا جا رہا ہے، بدقسمتی سے وکلا کو تقسیم کیا جا رہا ہے، پاکستان میں اس وقت تمام طبقات ہی چیلنج کا سامنا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسدعمر کواسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کر لیا گیا
فواد چودھری نے کہا کہ آج سپریم کورٹ سے میری گرفتاری ہو رہی ہے، عمران خان کو ہائی کورٹ کی حدود سے گرفتار کیا گیا، کبھی ایسا نہیں ہوتا، عمران خان پرتشدد کیا گیا، وکیل نے بھی بتایا عمران خان کے سر پر چوٹ آئی، سپریم کورٹ کے اندر کی لائٹیں بند کر دی گئیں اور مجھے سرنڈر کرنے کا کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے پاس ہائیکورٹ کی ضمانت کا حکم موجود ہے، ہائیکورٹ نے اپنا حکم منوانا ہے، ہمیشہ کوشش رہی ہے سیاست میں معاملات تشدد سے نہیں اسپیس دینے سے حل ہوں گے، عمران خان کی گرفتاری نے قوم کو تقسیم کر دیا ہے، اس وقت ملک میں آگ لگی ہے، پانی ڈالنے کی ضرورت ہے۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے، فوج اور پی ٹی آئی کے درمیان منظم غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے، عوام اور خواص کے درمیان ایک خاص ماحول بنایا گیا ہے، عدالت کا حکم ہے کہ پولیس عدالت کو بتائے بغیر مجھے گرفتار نہیں کر سکتی۔