اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ترنول ریلوے اسٹیشن پرپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مظاہرین نے حملہ کیا اور توڑ پھوڑ کے بعد عمارت کو آگ لگا دی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے ملک بھر میں جلاؤ گھیراؤ اور مظاہرے جاری ہیں۔
پی ٹی آئی مظاہرین نے اسلام آباد کے ترنول ریلوے اسٹیشن پرحملہ کیا اور پھر عمارت کو آگ لگادی،آگ لگنے کی وجہ سے ریلوے اسٹیشن کا ریکارڈ، فرنیچر اور دیگر سامان جل گیا۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے اسلام آباد پولیس لائنز میں داخل ہونے کی بھی کوشش کی، پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی جبکہ سری نگر ہائی وے پر پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکن اور پولیس آمنے سامنے آئے جس کے نتیجے میں ایس ایچ او تھاناسنگجانی زخمی ہوگئے اور ان کے سر پر چوٹیں آئیں۔
مظاہرین نے تھانہ رمنا کے باہر ایک بکتر بند گاڑی بھی جلا دی ، مظاہرین کے ساتھ جھڑپوں میں پولیس اور ایف سی کے 28 جوان زخمی ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق پرتشدد ہنگاموں میں اسلام آباد سے 110 افراد کو گرفتارکیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر پر دھاوا بول دیا ، مظاہرین نے الیکشن کمیشن کے دفتر میں داخل ہو کر شیشے توڑ دیے، پولیس کی فائرنگ کے بعد مظاہرین فرار ہوگئے۔
دوسری جانب پنجاب پولیس نے گزشتہ روز ہونیوالی ہنگامہ آرائی اور پرتشدد کارروائیوں میں ملوث مزید 100 افراد کو گرفتار کرلیا جس کے بعد گرفتار شرپسند افراد کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہوگئی ہے ۔