لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگی بجلی وافر مقدار میں موجود ہے لیکن یہ صارفین کے مفاد میں نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ 15 ارب کی لاگت سے تھر، مٹیاری ٹرانسمیشن لائن ریکارڈ مدت میں مکمل کرلی ہے، منصوبے کی تکمیل سے تھر کے کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی کی ترسیل ممکن ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ بجٹ کی تیاری میں مصروف ہے، امپورٹڈ کوئلے پر کوئی نیا پراجیکٹ نہیں لگائیں گے، تھرپارکر میں ایک حیران کن ترقی کی لہر ہے، موسم کی بہتری کی وجہ سے بجلی کے معاملات کنٹرول میں ہیں تاہم مئی، جون کے آخر میں بجلی کی ڈیمانڈ بڑھے گی۔
خرم دستگیر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پورے ملک میں ایک ہی دن الیکشن ہوں، اگر پنجاب میں وقت سے پہلے الیکشن ہوئے تو باقی انتخابات پر اثر پڑے گا، عام انتخابات اکتوبرمیں ہوں گے، کوئی ادارہ آمنے سامنے نہیں کھڑا، آئین نے پارلیمان کو خود مختاری دی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 2018ء سے 2022ء تک ملک پر ترقی دشمن حکومت مسلط رہی، گزشتہ عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی، 2018ء والے تجربے کے متحمل نہیں ہوسکتے، الیکشن کمیشن کی ریویو پٹیشن انتہائی اہم ہے۔