نواز شریف کو رنگ سے نکال کرعمران کو لانے کیلئے گٹھ جوڑ کیا گیا تھا، ملک احمد خان

Published On 04 May,2023 09:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو رنگ سے نکال کرعمران کو لانے کیلئے گٹھ جوڑ کیا گیا تھا، پنجاب میں پہلے انتخابات کرانا ملکی تباہی کی سازش کا حصہ ہے، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب پانامہ کیس کی سماعت ہو رہی تھی تو ہم دو باتوں کو سمجھنے سے قاصر تھے، ایک نگرانی کا عمل جو سپریم کورٹ نے کیا کیونکہ کوئی بھی عدالت تفتیش میں مداخلت نہیں کر سکتی، پانامہ کیس میں سپریم کورٹ نے نگرانی کا عمل بھی انجام دیا، پانامہ کیس میں مافیا کے ساتھ جوڑا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے نظام انصاف کو معذور اور مفلوج کر دیا: طلال چودھری

معاون خصوصی وزیر اعظم نے کہا کہ مقدمات میں بار بار زیادتی ہو رہی ہے، جو حساب واجب نہیں تھے ان پر بھی سزائیں دی جا رہی ہیں، اب سب کچھ واضح ہو رہا ہے، عمران خان کو کلین چٹ پلاننگ کے تحت دی گئی، ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک اس بات کا ثبوت ہے۔
ملک احمد خان نے کہا کہ نواز شریف کو وزارت عظمیٰ سے نکالا گیا اور انہیں نااہل قرار دیا گیا، ان تمام مقدمات کا فائدہ عمران خان کو حاصل ہوا، ایک سابق چیف جسٹس کے بیٹے پر ٹکٹوں کیلئے کروڑوں روپے لینے کا الزام ہے، یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے، ایک ریٹائرڈ ہونے والے جج کو بعد میں براڈ شیٹ کا چیئرمین لگایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ زلفی بخاری کیس پر بھی اسی بینچ نے فیصلہ دیا، میں پنجاب اسمبلی کے ٹوٹنے پر معترض ہوں کیونکہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کی بجائے اسے ری رائٹ کیا گیا، جو جرم ہوا ہی نہیں اس کی سزا کیسے دے سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں غیر قانونی داخلہ اور انخلا روکنے کیلئے بارڈر مینجمنٹ بہتر بنائی جائیگی، رانا ثنا اللہ

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد چل رہی تھی، پی ٹی آئی کے حق فیصلے کرائے گئے، شہزاد اکبر کی باتیں ایک کہانی اور ایک افسانہ تھا جو گھڑا گیا جس کا مقصد میاں نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کو فکس کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس ساری صورتحال کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ مذاکرات جاری رہیں، عدالت کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنا ہو گی۔

ملک احمد خان نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے آڈیوز ہمارے سامنے آ رہی ہیں، یہی میری اطلاعات کا ذریعہ ہیں، ان آڈیو لیکس پر چند ذمہ داران سے بات ہوئی ہے، آج کل سائبر ہائی جیکنگ عام ہو گئی ہے اور ایک ڈس انفارمیشن لیب بھی سامنے آئی ہے ، جن کی آڈیوز سامنے آ رہی ہیں وہ ان آڈیوز کو کسی فورم پر چیلنج کریں، آج تک کسی نے ان آڈیوز کو کہیں چیلنج نہیں کیا۔