اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت پریس کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے۔
پریس فریڈم ڈے کے موقع پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادی صحافت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، پاکستان کا آئین آزادی صحافت اور شہریوں کی درست اطلاع تک رسائی کے حق کی ضمانت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن ان صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہوں گی جنہوں نے سچ کی تلاش میں اپنی جانیں گنوا دیں، پاکستان میں 2018ء سے 2022ء تک صحافت ایک کٹھن دور سے گزری، پی ٹی آئی کے 4 سالہ دور میں ایک ایسی ”پراسرار سنسرشپ“ جاری تھی جس نے صحافیوں کو خوفزدہ کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2017ء میں ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان 139 ویں نمبر پر تھا، پی ٹی آئی کی میڈیا دشمن پالیسیوں کے باعث درجہ بندی میں 12 پوائنٹ کی مزید کمی ہوئی، وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھے شخص کو پریس فریڈم پریڈیٹر کا شرمناک خطاب دیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے نہ صرف صحافیوں کی آواز بند کی بلکہ ان کے قلم توڑے، انہیں اغواء کیا، پیٹ میں گولیاں ماریں، پی ٹی آئی کا 4 سالہ دور صحافیوں کیلئے خطرناک دور تھا، عمران خان نے صحافت پر قدغنیں لگائیں، اس طرح قدغنیں لگانے سے دو چار دن تو اپنا مؤقف دیا جا سکتا ہے مگر بالآخر سچائی ماننا پڑتی ہے۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ سابقہ حکومت نے ریاست کی طرف سے صحافیوں کی زبان بندی کیلئے دباﺅ بڑھایا، اپنی غلطیوں پر نظرثانی کرنے کے بجائے اپنی ناکامیوں کا غصہ صحافیوں اور صحافتی اداروں پر نکالا، آج ملک میں صحافت مکمل طور پر آزاد ہے، حکومت صحافیوں کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات اٹھاتی رہے گی۔