اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی و ترقی کے اجلاس میں افغانستان اور پاکستان کے درمیان بچوں کی غیر قانونی طور پر نقل و حرکت کا انکشاف ہوا ہے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ افغانستان سے آنے والے بچے ٹرکوں کے نیچے اور سامان کے اندر گھس کر آتے ہیں، کئی بچے ٹرکوں کے نیچے آ کر مر جاتے ہیں، یہ بچے پاکستان میں اپنا مال بیچنے کی غرض سے آتے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہم نے افغانستان کو کہا ہے کہ ان بچوں کی نقل و حرکت کو قانونی بنایا جائے، غیر قانونی نقل و حرکت کی وجہ سے کئی بچوں کی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ نے افغان وفد کو اسلام آباد جانے کی اجازت دے دی
اجلاس میں کمیٹی سے استدعا کی گئی کہ افغانستان کے ساتھ بچوں کی آمد کو قانونی بنایا جائے، قانونی عمل سے بچوں کی جانوں کے ضیاع کو روکا جاسکتا ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پیدل آنے والوں کیلئے ٹرمینل بنایا جا رہا ہے، جس سے غیر قانونی طور پر نقل و حرکت پر قابو پایا جائے گا، حکومت کو پاسپورٹ رجیم کو نافذ کرنا ہو گا۔