راولپنڈی: (دنیا نیوز) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے لکی مروت کے علاقے میں دہشت گردوں کے 3 حملے ناکام بنا دئیے، جوابی کارروائی میں 7 دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک وطن کی حفاظت کرتے ہوئے 3 جوان شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار خودکش حملہ آور نے سکیورٹی فورسز کی پوسٹ کےقریب خود کو اُڑا دیا، خود کش حملے کے بعد دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کر دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے، دوسری جانب لکی مروت کے ہی علاقے عامر کلام اور تجبی خیل میں سکیورٹی فورسز نے 3 دہشت گرد ہلاک کیے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق آرمی چیف کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دہشت گرد کمانڈر موسیٰ خان بھی شامل ہے، فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار تاج میر، حولدار ذاکر احمد اور سپاہی عابد حسین شہید ہو گئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز علاقے سے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔